حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی طرف سے اسرائیلی ایئر بیس اور انٹیلیجنس ہیڈکوارٹر پر میزائل حملے کو مغرور و متکبر صہیونی غاصب کے منہ پر زوردار طمانچہ قرار دیتے ہوئے اسے اللہ کے دست قدرت کا مظہر قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے اتحادی عرب حکمرانوں کے ساتھ مل کر گذشتہ 76 سالوں سے مسئلہ فلسطین کو دبانے کی سازش کررہے ہیں لیکن مسئلہ فلسطین روز بروز مزید نمایاں ہو رہا ہے۔ حماس اور غیرت مند فلسطینی قوم کی قابل فخر مزاحمت باعث بنی ہے کہ مسلمان ممالک کی مصلحت پسندی اور منافقانہ چہرے سے نقاب الٹ چکے ہیں، دہشت گرد امریکہ، اسرائیل، برطانیہ، یورپی یونین کا سفاک و خونخوار چہرا عیان ہو چکا ہے اور مجرمین کی پناہ گاہ اقوام متحدہ کا کردار کھل کر سامنے آ چکا ہے۔
انہوں نے 7 اکتوبر کو یوم اللہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس روز کے آپریشن طوفان الاقصی اور سال بھر غزہ کے مظلوم عوام کی مزاحمت و استقامت نے اسلام کی ترویج کی بنیاد فراہم کی ہے اور بلاشبہ اسلام کا پرچم فلسطینی قوم اور اہل غزہ کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف پائے جانے والے غم و غصے کو ایک عالمی تحریک میں ڈھل جانا چاہیے جو خیانتکار حکمرانوں سے اس جنایت کے خلاف اقدام کرنے یا انکی حکومتوں سے دستبرداری پر منتج ہو۔